”میرا پیارا“ موبائل ایپ کے ذریعے پولیس کی سروسز محض ایک کلک پر عوام کو دستیاب ہوں گی۔ بلال صدیق کمیانہ
خدمت مرکز کی 18 سروسزپولیس ایپ میں شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور
لاہور(خبر نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ”میرا پیارا“ موبائل ایپ محکمہ پولیس کا شاندار اقدام ہے جس میں عوام کی سہولت کیلئے 11 مفید فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ پولیس ایپ پر شکایات یا کرائم رپورٹ بھی درج کرانے کی سہولت میسر ہو گی۔اس کے ساتھ ساتھ خدمت مرکز کی 18 سروسزپولیس ایپ میں شامل ہیں۔اسی طرح خدمت مرکز سروسز کے ذریعے کریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ داری، ایف آئی آر، ایمپلائز رجسٹریشن اور دیگر سروسز بھی آئن لائن حاصل کی جا سکتی ہیں۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام ”میرا پیارا“ موبائل ایپ کے ذریعے گمشدگی، ورثا کی تلاش، کرائم رپورٹ اور ٹریفک سروسز سمیت دیگر سہولتیں گھر بیٹھے محض ایک کلک پر حاصل کر سکتے ہیں۔پولیس ایپ کا ”میرا پیارا“ فیچرتلاش گمشدہ اور تلاش ورثا میں معاون ہو گا، اب گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے کی جاسکے گی۔اسی طرح ”میرا پیارا“ ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیاجاسکے گا۔ ”میرا پیارا“ایپ پر گمشدہ اور باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی۔سی سی پی او نے کہا کہ گمشدگی کی صورت میں اپنے پیاروں کو ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ ”میرا پیارا“ ایپ میں ویمن ہراسمنٹ فیچر کے ذریعے ہراساں کئے جانے پر ملزم کو فوری ٹریس یا گرفتار کیا جا سکے گا –
بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے واقعات کو ایپ پر اپ لوڈ کرنے سے مذکورہ مواد فوری طور پر سی ٹی ڈی تک پہنچ جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ ایپ کے ذریعے پولیس اور اس کے مختلف شعبوں میں یوتھ انٹرن شپ بھی حاصل کی جا سکی گی۔