امید ہے ہمارے کھلاڑی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں گے،ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل
لاہور (خبر نگار) 34ویں نیشنل گیمز 2023ء کیلئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کی ہدایت پرسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب کے کھلاڑیوں کی تیاریوں کے لئے تربیتی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہے ہیں، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں سینئر کوچز زرینہ وقار اور طیب سہیل کے نگرانی میں بیڈمنٹن کا ٹریننگ کیمپ جاری ہے جس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن کی مختلف تیکنیکس سکھائیں،اس موقع پر کھلاڑیوں کے درمیان نمائشی میچز بھی کھیلے گئے ہیں، اس کے علاوہ جمناسٹک، بیس بال، تائیکوانڈو، سائیکلنگ، رگبی، ٹینس، باسکٹ بال،جوڈو،کراٹے،سکواش کے کیمپ بھی دوسرے روز جاری رہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کوچز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی ٹیموں کو بہتر طریقے سے تیار کریں کھلاڑیوں کی تیکنیکس کی بنیاد پر تربیت دیں اور سپورٹس کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھیں،34ویں نیشنل گیمز 2023ء میں ملک بھر سے بہترین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں امید ہے ہمارے کھلاڑی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں گے۔