سیدنا امام حسین ؓ نے انسانیت کی بقا کیلئے عظیم قربانی دی:صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی
شہزادہ مصطفی حضرت سیدناامام حسینؓ کی تعلیمات ہردورمیں حق و سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہیں
امام الشہداء سرکارسیدنا امام حسینؓ کے مقصد شہادتؓ کو اجاگر کرنیکی اشد ضرورت ہے: خطاب
لاہور (خبر نگار)نوجوانان جنت کے سردار، شہزادہ مصطفی، امام شہداء سرکارسیدنا امام حسین ؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ پر محفل ذکرونعت شان سیدناامام حسین ؓ کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا، محفل نعت کی صدارت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی صدر صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کی۔ محفل نعت میں نامور نعت خوانوں نے بارگاہ خاتم النبیین ؐ اور بارگاہ سیدنا امام حسین ؓ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ محفل نعت کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کہاکہ امام الشہداء سرکار سیدناامام حسین ؓ نے دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی بقا کیلئے عظیم قربانی دی، آپؓ کی تعلیمات حق و سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہیں، سیدنا امام حسین ؓ صبر و استقامت کی عظیم مثال ہیں، آپ ؓ اور آپ ؓ کے خاندان نے کربلا میں اللہ رب العزت کی رضا کیلئے سب کچھ قربان کردیا۔آج پوری انسانیت آپ ؓاور آپؓ کے خاندان کی اس عظیم قربانی پرسلام عقیدت پیش کرتی ہے،صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی کا مزیدکہنا تھاکہ آج ہمیں تمام اختلافات و اعتراضات کو ایک طرف رکھتے ہوئے معاشرے میں امام الشہداء سرکار سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے خاندان کی عظیم قربانی کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے امن و محبت کے فروغ اور قیام امن کیلئے عملی کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ محفل نعت میں صاحبزادہ پیر طہور احمد نقشبندی، صاحبزادہ، پیر محمد طاہر نقشبندی، صاحبزادہ پیر محی الدین نقشبندی، پیر الطاف حسین نقشبندی، محمد ریحان خان نقشبندی، محمد رمضان نقشبندی، محمد اکمل نقشبندی، محمد نقی نقشبندی ودیگر نے بھی نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے امام الشہداء سرکار سیدنا امام حسین ؓ اور اہلبیت ؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اختتام بارگاہ خاتم النبیین ؐ میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی و ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔