کھیل

پی ایس ایل8؛ کراچی کنگز آج فتح کی کنجی تلاش کرنے کے خواہاں

لاہور(سپورٹس ڈیسک،قوت) پی ایس ایل 8 میں شریک کراچی کنگز آج فتح کی کنجی تلاش کرنے کے خواہاں ہوں گے جب کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا۔پی ایس ایل 8میں کراچی کنگز کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں ناکام ہوئی، پشاور زلمی نے 2رنز سے فتح پائی، میزبان ٹیم آج نیشنل اسٹیڈیم میں پہلی فتح کی کوشش کرے گی۔پہلے میچ میں بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شرجیل خان کھاتہ بھی نہیں کھول پائے،میتھیو ویڈ اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں نہیں بدل پائے، دونوں سے اس بار بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہوں گی۔حیدر علی اور قاسم اکرم کی پرفارمنس بھی متاثر کن نہیں رہی تھی،مڈل آرڈر میں ان کو بھی پرفارم کرنا ہوگا، ان فارم کپتان عماد وسیم اور شعیب ملک امیدوں کا محور ہوں گے۔بین کٹنگ بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں،کراچی کنگز کو بولنگ میں بھی بہتری لانا ہوگی، خاص طور پر محمد عامر، عماد وسیم اور عمران طاہر کو رنز کا بہاؤ روکنا ہوگا۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنی مہم کا فتح کے ساتھ آغاز کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،ٹیم کو الیکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو اور راسی وان ڈر ڈوسین جیسے پاور ہٹرز کی خدمات میسر ہیں،مقامی بیٹرز میں اعظم خان اچھی فارم میں ہیں۔پی ایس ایل کی ٹیموں میں سب سے اچھی بیٹنگ لائن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہی سمجھی جاتی ہے، حسن علی، وسیم جونیئر اور ٹام کرن کی صورت میں پیس بیٹری بھی حریف بیٹرز کیلیے پریشانی کھڑی کرسکتی ہے،آل راؤنڈر مبصر خان بھی پلیئنگ الیون میں سلیکشن کے مضبوط امیدوار ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button