سٹیکاروبار

مہنگائی نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ میاں محمد زاہد

مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں پے درپے اضافے سے کاروبار عدم استحکام کا شکارہے۔ سمال ٹیڈرز اینڈ جنرل سٹورز ایسوسی ایشن
لاہور(کامرس رپورٹر)سمال ٹریڈرز اینڈ جنرل سٹور ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین میاں محمد زاہد نے کہاہے کہ مہنگائی نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں پے درپے اضافے سے کاروبار عدم استحکام کا شکارہے۔ تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کو سہولتیں دیئے بغیر خوشحالی نہیں آسکتی۔ آئی پی پیز سے کئے گئے غیر دانشمندانہ معاہدوں اور سودی نظام نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بند روڈ پر دکان کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں زاہد کا کہنا تھا کہ اللہ کا فرمان ہے کہ سود اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ ہے۔ ہمارا ملک اسلام کے نام پر بنا،اسلامی نظام ہے ہی اس کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔پاکستان میں کوئی بھی ناپاک نظام معیشت کامیاب نہیں ہوسکتاہے۔حکمران ملک چلانے کے لئے دنیا کے ہر ملک سے امداداور قرض مانگ رہے ہیں، ملکی بنکوں کا قرض بھی بہت زیادہ ہوچکا ہے۔ پھر آئی ایم ایف کے آگے بھی بھاری سود پر قرض کے لئے دامن پھیلائے کھڑے ہیں۔ حکمران سادگی اپنانے او ر اپنے خرچے، تنخواہیں اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں۔ہر سال اپنی اور تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا جاتاہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا سارا بوجھ، مزدوروں، کسانوں اور عام آدمی کو اٹھانا پڑتا ہے۔قرضوں کی ادائیگی کیلئے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا جاتاہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ملکی معیشت کوسنبھالا دینے کے لئے پہلے حکمران خود قربانی دیں، وزیروں، مشیروں کی فوج کم کی جائے اور پروٹوکول کی گاڑیاں ختم کی جائیں۔ سودی نظام معیشت ختم کیاجائے۔ گراں فروشی اور ملاوٹ کا خاتمہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button