سٹی

نولکھا پریسبیٹیرن چرچ میں ایگزیکٹو کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس

اجلا س کی مسیحی میرج ایکٹ پر پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف

لاہور(خبر نگار) نولکھا پریسبیٹیرن چرچ میں ایگزیکٹو کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ریورنڈ عارف سراج اور ایگزیکٹو سیکرٹری ریورنڈ مجید ایبل نے کی۔ اجلاس میں پاکستان بھر سے چرچ کی قیادت نے شرکت کی، جن میں تعلیم اور صحت سے منسلک اداروں کے نمائندگان بھی شامل تھے۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں 29 پریسبیٹیرن سکولوں کی خدمات اور ان کے معیار پر بات چیت کی گئی۔ ان سکولوں کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور نئے منصوبے ترتیب دیے گئے۔

اجلاس میں دو بڑے اور قدیم میموریل کرسچن ہسپتالوں، سیالکوٹ اور ٹیکسلا کرسچن ہسپتال، کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ ان ہسپتالوں کی خدمات اور صحت کے شعبے میں ان کی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ریورنڈ عارف سراج نے چرچ کی تعلیمی اور صحت کی خدمات کی تعریف کی اور ان کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام نمائندگان کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ریورنڈ مجید ایبل نے بھی اس موقع پر چرچ کی خدمات اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت پنجاب کیجانب سے مذہبی اقلیتوں کے لیے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی بالخصوص صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور انکے محکمہ کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک روز قبل مسیحی میرج ایکٹ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں میرج ایکٹ پر کام تیز کرنے کے لیے سب کو اعتماد میں لیا گیا ۔ انکا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مذہبی اقلیتوں میں پائے جانیوالے احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے محکمہ انسانی حقوق عمدہ کارکردگی دکھاتا رہے گا۔

اجلاس کے اختتام پر تمام نمائندگان نے مشترکہ طور پر عزم کیا کہ وہ چرچ کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے جبکہ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے ملک پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاء بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button